اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ایسے افراد جو مہنگی گاڑیوں، بنگلوں، زیورات اور شاہانہ تقریبات کی تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرتے ہیں مگر ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں، ان پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے لاکھوں افراد کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے، جنہوں نے گزشتہ برس یا تو گوشوارے جمع نہیں کرائے یا اپنی آمدنی کے مقابلے میں غیرمعمولی اخراجات دکھائے۔ اس ڈیٹا کی بنیاد پر پہلے مرحلے میں ایک لاکھ ایسے افراد کا آڈٹ کیا جائے گا جن کی زندگی کے معیار اور ٹیکس گوشواروں میں واضح تضاد پایا جا رہا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ شادیوں میں بڑے پیمانے پر اخراجات کرنے والے نان فائلرز بھی ایف بی آر کے ریڈار پر ہوں گے۔ ایسے افراد جو شادیوں پر 20، 20 ہزار ڈالر (تقریباً 55 لاکھ روپے) مالیت کے سوٹ پہنتے یا دیگر فضول خرچیاں کرتے پائے گئے، ان سے آمدنی کے ذرائع پوچھے جائیں گے۔مزید بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر بنگلوں، لگژری گاڑیوں اور قیمتی زیورات کی نمائش کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو نوٹس جاری کرے گا اور ان سے وضاحت طلب کی جائے گی کہ یہ دولت کہاں سے اور کس آمدنی کے ذریعے حاصل کی گئی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ایف بی آر گزشتہ سال جمع کرائے گئے گوشواروں کا اس سال سے تقابلی جائزہ لے گا، تاکہ آمدنی اور اخراجات کے فرق کو جانچ کر ٹیکس چوری کرنے والوں کو پکڑا جا سکے۔ماہرین کے مطابق ایف بی آر کا یہ اقدام ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور نان فائلرز کو قابو میں لانے کی بڑی کوشش ہے۔ تاہم یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا یہ مہم صرف اعلانات تک محدود رہتی ہے یا اس پر عملی طور پر بھی سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

Shares: