اوکاڑہ (نامہ نگار،ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی پروگرام کے تحت اوکاڑہ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں خصوصی افراد میں وہیل چیئرز اور ٹرائی سائیکلز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے ممبران، چوہدری غلام رضا ربیرہ اور چوہدری جاوید علاؤالدین، نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان کے ہمراہ 52 خصوصی افراد کو امدادی آلات فراہم کیے۔

اس تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اشتیاق خان سمیت متعدد سرکاری افسران، خصوصی افراد اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ معاون آلات حاصل کرنے والے افراد اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت خصوصی افراد کے لیے نچلی سطح پر کام کر رہی ہے اور ان کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال، شوکت سہیل بٹ کی عوامی خدمات کو بھی سراہا۔

دوسری جانب نممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علاؤالدین نے خصوصی بچوں کے والدین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کو سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کی مختصر مدت میں شاندار کارکردگی کی تعریف بھی کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان نے خصوصی افراد کو معاشرے کا قیمتی حصہ قرار دیا اور کہا کہ ان کی امداد کرنا ایک فرض ہے اور حکومت اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں۔

Shares: