اوکاڑہ (نامہ نگار،ملک ظفر)ڈسٹرکٹ پولیس اوکاڑہ کی آئی ٹی ونگ نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر 35 لاکھ روپے مالیت کے 71 چوری اور ڈکیتی شدہ موبائل فونز برآمد کر کے ان کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے۔

اس سلسلے میں ڈی پی او آفس کے کمیونٹی لائنزون سینٹر میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) راشد ہدایت نے خود شہریوں کو ان کے موبائل فونز واپس کیے۔ اس موقع پر شہریوں نے پولیس کی اس شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا اور اوکاڑہ پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

ڈی پی او راشد ہدایت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، جس کا فائدہ براہِ راست عوام کو ہو رہا ہے۔ انہوں نے آئی ٹی ونگ کی ٹیم اور انچارج نور صمند ناہرہ کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رہیں گی۔

Shares: