منڈی بہاؤالدین (نامہ نگار محمد افنان طالب) منڈی بہاؤالدین کے علاقہ پھالیہ میں پنجاب وسیب کے رہنماؤں نے حال ہی میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد عوام کو درپیش مشکلات کے متعلق ایک پُرہجوم پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر جانی و مالی نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کی مالی مدد کرے۔

پنجاب وسیب کے چیئرمین فرحان بابر وڑائچ، صدر اختر علی وڑائچ اور سینئر ممبر سیف اللہ ذیلدار ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے انتہائی کشیدہ صورتحال پیدا ہو چکی ہے اور حکومت کو اس سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب وسیب کی ٹیم نے تمام سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور ریلیف کے کاموں میں حصہ لیا، لیکن یہ بحران اتنا بڑا ہے کہ اس کے لیے حکومتی سطح پر بڑے وسائل درکار ہیں۔

رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کو فوری امدادی پیکیج فراہم کیا جائے، فصلوں اور مال مویشیوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، اور فش فارمنگ سے منسلک لوگوں کو بھی معاوضہ دیا جائے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے سیلاب میں گرنے والے مکانات اور دریا برد ہونے والے گھروں کے متاثرین کو معاوضہ اور نئے گھر بنا کر دینے کی بھی اپیل کی۔

Shares: