سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں جام صادق پل کا دورہ کیا –

سینیئر وزیر نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، انجنیئرز، کنسلٹنٹس اور دیگر حکام نے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کو منصوبے کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی،سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، یلو لائن بی آر ٹی کے پی ڈی بھی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے ہمراہ تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جام صادق پر اب آخری مراحل میں ہے اور ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا، پیپلز پارٹی عوام کو سہولیات دے رہی ہے اور ٹرانسپورٹ کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے، ڈبل ڈیکر بسیں بھی جلد کراچی پہنچ جائیں گی۔

گندم کی قلت سے وفاق کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی، ن لیگ کی اتحادی نہیں ہے صرف ساتھ دیتے ہیں لیکن وفاقی حکومت کو گندم کی قلت کے حوالے سے خود کو عقل کل نہیں سمجھنا چاہیے۔

قبل،ازیں،انہوں ںے کہاتھا کہ اس پل پر پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کے لیے علیحدہ راستے بنائے گئے ہیں، پل کی ایک راہداری بی آر ٹی کے لیے مخصوص ہوگی جبکہ باقی سڑک عام ٹریفک کے استعمال میں رہے گی، اس پُل کی تکمیل کے بعد پرانا جام صادق پل منہدم کرکے اسی طرز کا نیا پل تعمیر کیا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا تھاکہ یلو لائن بی آر ٹی کے ڈیپوز پر بھی کام جاری ہے یہ منصوبہ تکمیل کے بعد کراچی کے شہریوں کے لیے نہایت جدید سہولت فراہم کرے گا، عالمی بینک کے تعاون سے جاری یہ منصوبہ شہر کی ٹرانسپورٹ میں نمایاں اضافہ کرے گا، اس منصوبے سے ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے، ریڈ لائن بی آر ٹی کے مرکزی راہداری پر بھی کام تیز رفتاری سے ہو رہا ہے آئندہ ماہ شہر میں ڈبل ڈیکر بسیں لائی جائیں گی اور بڑی تعداد میں الیکٹرک بسیں بھی شامل کی جائیں گی۔

Shares: