سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان پائیدار امن صرف دو ریاستی حل سے ہی ممکن ہے۔
نیو یارک میں اقوام متحدہ کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فرانس کے صدر ایمانویل میکرون کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا خطے میں امن کے قیام کے لیے عالمی برادری کو دو ریاستی حل کی حمایت کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال کے بعد فرانس بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے،نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے حالیہ عالمی فیصلوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، پرتگال اور دیگر کئی ممالک کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے بعد اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ کانفرنس سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں فلسطین کے مسئلے کے پرامن حل اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے منعقد کی گئی تھی،پاکستان کو فخر ہے کہ وہ 1988 میں فلسطین کے آزادی کے اعلان کے فوراً بعد اسے ریاست تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا مشرقِ وسطیٰ میں منصفانہ، پائیدار اور جامع امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے پاکستان عالمی برادری، خصوصاً اُن ممالک سے اپیل کرتا ہے جنہوں نے تاحال فلسطین کو تسلیم نہیں کیا کہ وہ بھی بین الاقوامی اصولوں کے تحت اس انسانی اور سیاسی فریضے کو پورا کریں۔