عالمی طاقتوں کی کشمکش اور باہمی رسہ کشی کے بیچ سب سے زیادہ دباؤ اور نقصان عام آدمی ہی برداشت کرتا ہے۔ طاقتور ملک اپنی معیشتیں،دفاعی حکمت عملی اور سیاسی اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے ایک دوسرے سے مقابلے میں لگے رہتے ہیں۔ لیکن اس دوڑ میں عام شہریوں کی زندگیاں، ان کے وسائل اور ان کا مستقبل بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ چاہے وہ مہنگائی ہو، بے روزگاری ہو، مہاجرین کا بحران ہو، یا جنگوں کے نتیجے میں تباہ حال زندگیاں، ہمیشہ قیمت وہی لوگ ادا کرتے ہیں جن کے پاس نہ طاقت ہوتی ہے، نہ وسائل۔ایک طرف بڑی ریاستیں اپنے مفادات کے لیے ترقی، سلامتی اور آزادی کے نعرے لگاتی ہیں مگر حقیقت میں ان ہی فیصلوں کے بوجھ تلے غریب اور کمزور طبقات کچلے جاتے ہیں۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ عالمی سیاست شطرنج کی بساط کی طرح ہے جس پر بڑے کھلاڑی اپنے مہرے آگے بڑھاتے ہیں۔ مگر وہ مہرے دراصل کروڑوں عام انسانوں کی زندگیاں ہیں جو طاقت کے کھیل میں قربانی کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ دنیا کی سیاست آج بھی طاقت کے ایوانوں میں اسی طرح شور مچا رہی ہے جیسے صدیوں پہلے تھی۔ طاقتور ممالک اپنی معیشت، اسلحہ اور ٹیکنالوجی کے زور پر ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی دوڑ میں لگے ہیں۔ ان کے اجلاس، ان کے بیانیے اور ان کے فیصلے دنیا کو ہلا کر رکھ دیتے ہیں۔ لیکن ان تمام شور و غوغا کے بیچ ایک سوال دب جاتا ہے۔ ان سب کا خمیازہ کون بھگتتا ہے؟
سچ پوچھیے تو وہی عام انسان جو اپنے چھوٹے سے گھر میں بچوں کے لیے روٹی کا انتظام کرنے کی فکر میں رہتا ہے۔ وہی کسان، وہی مزدور جو دن بھر پسینہ بہا کر شام کو تھکے ہارے گھر لوٹتا ہے۔ عالمی طاقتوں کے فیصلے جب مہنگائی، جنگ یا معاشی بحران میں ڈھلتے ہیں تو سب سے پہلے انہی کے چولہے بجھتے ہیں۔ طاقت کے یہ بڑے کھیل عام آدمی کی زندگی کو یوں کچل دیتے ہیں جیسے پہاڑ کسی ننھی کلی کو روند دے۔ بڑے بڑے ملک اپنے قومی مفاد کے نام پر معاہدے کرتے ہیں، جنگیں چھیڑتے ہیں، ایک دوسرے کو دھمکیاں دیتے ہیں مگر یہ سب کرتے وقت کوئی نہیں سوچتا کہ ان کے جھگڑوں کی زد میں آنے والے بے قصور انسانوں کا کیا ہوگا؟ کون ان کے بچوں کے آنسو پونچھے گا؟ کون ان کے خوابوں کو بچائے گا؟ دنیا کی تاریخ گواہ ہے جب بھی طاقتوروں نے اپنے مفاد کے لیے فیصلے کیے سب سے زیادہ خون عام انسان کا بہا۔ کبھی وہ مہاجرین بن کر سرحدوں پر ٹھوکر کھاتا ہے، کبھی وہ بیمار ہو کر دوائی کو ترستا ہے، کبھی وہ بے روزگار ہو کر بھوک سے لڑتا ہے،
آج کا عام آدمی طاقت کے اس کھیل کا سب سے کمزور مہرہ ہے۔ ملک جب چاہیں اسے آگ میں جھونک دیتے ہیں، جب چاہیں اسے قربانی کا بکرا بنا دیتے ہیں، وقت آگیا ہے کہ دنیا سوچے طاقت کے یہ کھیل کب تک؟ کب تک یہ عام انسان پسے گا؟ کب تک وہی بھاری قیمت ادا کرے گا جس نے نہ جنگ چھیڑی نہ معاہدہ کیا نہ فیصلہ؟ زمین پر سب سے قیمتی شے قیمت نہیں انسان کی زندگی ہے لیکن افسوس طاقت کے ایوان یہ سچ کب سمجھیں گے؟
بقول شاعر:
سلطنتیں لڑتی رہیں اپنی جیت کے لیے
مگر ہر بار عام انسان ہی مٹ گیا