اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر): پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی ہدایت پر اوکاڑہ شہر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی نگرانی میں اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں نے شہر کے مختلف بازاروں میں آپریشن کیا اور تجاوزات کرنے والے دکانداروں کا سامان تحویل میں لے لیا۔
اس موقع پر وسیم جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں اور عوامی مقامات پر تجاوزات قائم کرکے شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دکانداروں کا تحویل میں لیا گیا سامان ضائع کر دیا جائے گا اور کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے تمام دکانداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور مقررہ حدود کے اندر رہ کر اپنا کاروبار کریں۔