سیالکوٹ (نامہ نگار باغی ٹی وی، محمد طلحہ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیالکوٹ میں سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین میں امدادی چیکس تقسیم کر دیے گئے۔ ڈسکہ میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے متاثرہ خاندانوں کو چیکس دیے۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ مریم نواز شریف نے نواز شریف کے عوامی خدمت کے مشن کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا لیکن وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف دن رات متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ناقدین کو کام میں کمی نظر نہیں آئی تو وہ تصاویر پر تنقید کرنے لگے، تاہم حقیقت یہ ہے کہ حکومت عملی اقدامات کے ذریعے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جان کا ازالہ ممکن نہیں لیکن حکومت کی مدد متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہونے کی ایک کوشش ہے۔ ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ جس کا نقصان ہوا ہے وہ حقدار ہے کہ حکومت اس کے ساتھ کھڑی ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے لیے مختص ایک ایک پائی امانت ہے جو شفافیت کے ساتھ ان تک پہنچائی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ اگر حکومت اقدامات نہ کرتی تو تاریخی سیلاب سے نقصان کئی گنا زیادہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس انہی دنوں عوام بجلی کے بلوں سے بلبلا اٹھے تھے لیکن مریم نواز نے لوگوں کو بجلی کے بلوں میں 58 ارب روپے کا ریلیف دیا۔
ذیشان رفیق نے کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور ان کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جانفشانی سے کام کیا جبکہ "ستھرا پنجاب” کے ورکرز نے بھی گھر گھر جا کر متاثرین کی مدد کی۔







