ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے پیغام میں کہا ہے کہ ورلڈ میری ٹائم ڈے 25 ستمبر 2025 کو منایا جا رہا ہے۔ یہ دن ہر سال ستمبر کی آخری جمعرات کو منایا جاتا ہے۔ میں اس موقع پر عالمی میری ٹائم برادری کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آج کا دن خاص طور پر پاکستانی ملاحوں، میری ٹائم ماہرین اور ساحلی مکینوں کے نام ہے جن کا پختہ عزم اور انتھک محنت ہماری قومی معیشت اور عالمی رابطہ کاری کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ چیلنجز سے بھرپور حالات میں اُن کی بیش قیمت خدمات نہ صرف کلیدی اہمیت رکھتی ہیں بلکہ پاکستان کی معیشت کی ترقی اور استحکام کے لیے بھی نہایت ضروری ہیں۔

ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن نے اس سال ورلڈ میری ٹائم ڈے کے لیے "ہمارا سمندر، ہماری ذمہ داری، ہمارا موقع” کے موضوع کا انتخاب کیا ہے۔ یہ موضوع اپنے اندر گہرے معنی سموئے ہوئے ہے جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے کرۂ ارض کے دو تہائی سے زائد حصے پر محیط سمندر نہ صرف دنیا کو آپس میں جوڑتے ہیں بلکہ انسانیت، پائیدار روزگار، عالمی تجارت کے فروغ، ماحولیاتی توازن کے قیام اور خوراک و توانائی کی فراہمی کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔ ان لامحدود فوائد کے سبب ہم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ موجودہ اور آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے ہم سمندروں کی حفاظت کریں، انہیں محفوظ بنائیں اور ان سے پائیدار فائدہ اُٹھائیں،پاکستان کے لیے سمندر غیر معمولی دفاعی، اقتصادی اور ترقیاتی اہمیت رکھتے ہیں۔ ہماری ساحلی پٹی اور ایکسکلوزیو ایکونومک زون (EEZ) ماہی گیری، سمندری تجارت اور توانائی کے ذریعے اقتصادی ترقی کے لیے بے مثال مواقع فراہم کرتے ہیں جو درحقیقت بحری معیشت کا حصہ ہیں۔ ہم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم میری ٹائم ماحول کی حفاظت کریں اور صحت مندانہ و محفوظ بحری سرگرمیوں کو یقینی بنائیں۔

ایڈمرل نوید اشرف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نیوی اِن مقاصد کے حصول، میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور شمالی بحیرۂ عرب میں مسلسل نگرانی کے ذریعے علاقائی امن کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ پاکستان نیوی عالمی شراکت داری، انسانی امدادی کارروائیوں اور ناگہانی صورتِ حال میں امدادی آپریشنز میں بھی مؤثر انداز سے حصہ لیتی ہے۔ مزید برآں، پاکستان نیوی اہم سمندری تجارتی راہداریوں کی محافظ اور آزادانہ بحری نقل و حمل کی ضامن ہے،پاکستان نیوی بیک وقت قومی شراکت داروں کے ساتھ اشتراک قائم کرتی ہے تاکہ میری ٹائم شعور کو فروغ دیا جائے اور میری ٹائم سیکٹر کی پائیدار ترقی کو آگے بڑھایا جائے۔ پاک بحریہ سمندری وسائل سے فائدہ اُٹھانے والے ایک خوشحال پاکستان کے تصور کو عملی جامہ پہنانے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔ سمندر میں تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے، دوست ممالک کے ساتھ تعاون اور اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان نیوی کی ذمہ داریاں اس کے اس اہم کردار کو اجاگر کرتی ہیں جو نہ صرف پاکستان کے خوشحال میری ٹائم مستقبل کی تشکیل کے لیے ضروری ہے بلکہ خطے میں میری ٹائم قوانین کی بالادستی کے لیے بھی ناگزیر ہے،ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے محفوظ، مستحکم اور سمندروں کے ماحول دوست استعمال کے وژن کے ساتھ پاکستان نیوی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ قومی میری ٹائم مقاصد کی روشنی میں ہم سمندر میں امن و امان اور استحکام کے قیام کے لیے تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اللہ کرے یہ دن ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ترغیب دلائے اور اُن مواقع سے فائدہ اُٹھانے کی توفیق عطا فرمائے جو قابلِ اعتماد، دیرپا اور خوشحال مستقبل کے لیے سمندر ہمیں عطا کرتا ہے۔

Shares: