اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) فارن اسٹڈی کنسلٹنٹس ایسوسی ایشن (ایف ایس سی پاکستان) کے وفد نے چیئرمین راؤ شہزاد کی سربراہی میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بیرونِ ممالک اعلیٰ تعلیم کے لیے جانے والے طلبہ کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفد نے تجویز دی کہ ایئرپورٹس پر ایسے طلبہ کی سہولت کے لیے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے جائیں تاکہ کلیرنس اور دیگر مسائل کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین راؤ شہزاد نے کہا کہ ایسوسی ایشن اپنی صفوں میں احتساب کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی مذمت اور روک تھام کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بدعنوان عناصر جو ملک و قوم کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، انہیں قانون کے کٹہرے میں لانا ناگزیر ہے۔ چیئرمین نے واضح کیا کہ فارن اسٹڈی کنسلٹنٹس ایسوسی ایشن (ایف ایس سی پاکستان) ہر قدم پر اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

Shares: