ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر بھٹی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈیرہ غازی خان دورے کے موقع پر الیکٹرو بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جہاں وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب کے لیے بڑے اعلانات کیے اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے لیے 101 الیکٹرو بسیں فراہم کی جائیں گی اور راجن پور، لیہ، مظفرگڑھ، تونسہ سمیت ہر ضلع میں الیکٹرک بس سروس نافذ کی جائے گی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ہر ماہ ایک سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا تاکہ عوامی مسائل کے تدارک میں بہتری لائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے سرائیکی زبان سے خطاب کا آغاز کیا جس پر مقامی لوگوں نے عزت و محبت کا اظہار کیا اور انہوں نے واضح کیا کہ ان کے لیے ساؤتھ، سینٹرل اور اپر پنجاب میں کوئی امتیاز نہیں، سب کے ساتھ یکساں سلوک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسز جیسے عوامی منصوبوں کو نقصان پہنچانا عوام کو نقصان دینے کے مترادف ہے اور وینڈیلیزم کرنے والوں کو عبرت ناک سزا دی جائے گی۔ سیلاب زدگان کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے معمولی امدادی رقم سے بڑے نقصانات پورے نہیں ہوتے، متاثرین کے گھروں، مویشیوں اور فصلوں کے نقصان کا ازالہ ان کی ترجیح ہے اور وہ عوامی وسائل اپنے ہی وسائل سے عوام پر خرچ کریں گی، امداد کے لیے ہاتھ پھیلانے کی بات انہیں منظور نہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب کی ٹیکس کلیکشن کا معیار بہتر ہے اور صوبے کی آبادی و خدمات کے تناظر میں وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
اسی موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے ڈویژنل و ضلعی افسران اور ملازمین کی محنت و لگن کو سراہا اور کہا کہ نائب قاصد سے لے کر اعلیٰ افسر تک ہر نے ٹیم ورک کے تحت کام کیا جس کی بدولت یہ اہم پروفائل دورہ کامیابی سے ممکن ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت، گڈ گورننس اور سروسز کی بہتری کے لیے اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھا جائے تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دورے اور منصوبہ بندی کے دوران عوامی مفاد کو اولین ترجیح دینے اور خدمات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رعایت نہ برتنے کی تلقین کی گئی۔
Shares: