گھوٹکی (نامہ نگار باغی ٹی وی مشتاق علی لغاری)میرپورماتھیلو ،جروار ،گاؤں خدابخش لغاری اور ضلع گھوٹکی کےنواحی علاقہ قادرپور کے گاؤں محمد رمضان چاچڑ میں جانوروں میں مبینہ طور پر خطرناک بیماری لمپی اسکن تیزی سے پھیلنے لگی ہے، جس کے باعث متعدد مویشی متاثر ہو چکے ہیں۔ مقامی افراد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ بیماری قریبی دیہات اور پورے علاقے میں تباہی پھیلا سکتی ہے۔
گاؤں کے کسانوں اور مویشی پال حضرات نے انتظامیہ کی غیر سنجیدگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیوسٹاک یا ضلعی انتظامیہ نے اب تک کوئی نوٹس نہیں لیا، نہ ہی ویکسینیشن یا قرنطینہ جیسی حفاظتی کارروائیاں کی گئی ہیں۔دوسری طرف پرائیویٹ اتائی وٹرنری ڈاکٹروں نے ات مچائی ہوئی ہے ،علاج کے نام پر مویشی پال سادہ لوگوں سے ہزاروں روپے لوٹنےلگے ،ہزاروں روپے خرچ کرنے کے باوجود جانور موت کا شکار ہونے لگے.
مقامی شہریوں نے حکومتِ سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے فوری ایکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ گاؤں میں ہنگامی بنیادوں پر فیلڈ ٹیم بھیجی جائے، مویشیوں کی ویکسینیشن اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں، بصورتِ دیگر نقصان ناقابلِ تلافی ہوگا۔








