پنجگور: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک بس اور گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں آٹھ قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق حادثہ پنجگور کے علاقے گومازین میں پیش آیا جہاں بس اور گاڑی آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سب کچھ اپنی لپیٹ میں لے لیا،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق زخمی شخص کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی۔ اسپتال انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال پنجگور میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے تاکہ زخمی کو فوری طبی سہولت فراہم کی جا سکے،

Shares: