وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو جلسے جلوس کرنے کا حق حاصل ہے مگر انہیں دہشت گردی پر دو ٹوک مؤقف اپنانا ہوگا، فورسز کے پیچھے کھڑا ہونا ہوگا، نہ کہ ابہام پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت بار بار مذاکرات کی بات کرتی ہے، مگر دہشت گردوں سے کس بات پر مذاکرات ہوں؟ جو ہمارے سپاہیوں، بچوں کو شہید کرتے ہیں ان سے صرف گولی کی زبان میں ہی بات ہوگی۔وزیر مملکت کے مطابق ماضی میں دہشت گرد گروہوں میں 30 سے 50 فیصد افغان شامل تھے، اب یہ تعداد بڑھ کر 70 سے 80 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ ’’یہ کہاں سے آتے ہیں اور کون بھیجتا ہے، صوبائی حکومت اس پر بات کیوں نہیں کرتی؟‘‘

انہوں نے کہا کہ صوبے کو 13 سال میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے 600 ارب روپے ملے مگر نہ فورسز کو سہولتیں ملیں نہ ہتھیار۔ ’’فنڈز کہاں گئے؟ طلال چوہدری نے الزام لگایا کہ خیبرپختونخوا حکومت خوارج کو محفوظ پناہ گاہ دینے کی کوشش کر رہی ہے، وزیراعلیٰ کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی اور سی ٹی ڈی، فرانزک لیب اور سیف سٹی کے منصوبے بنانا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر سب نے اتفاق کیا تھا مگر عملدرآمد میں کمی صوبائی حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کی کوتاہی ہے۔ ’’ہماری فورسز بہادری سے لڑ رہی ہیں، میجر عدنان جیسے افسر اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں لیکن سیاست دان کہاں ہیں؟ وزیر مملکت نے بتایا کہ کرک کے تھانہ شاہ سلیم میں پولیس اور فورسز کے مشترکہ آپریشن میں 17 دہشت گرد مارے گئے اور 6 زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، جبکہ صرف 3 جوان معمولی زخمی ہوئے۔ ’’جب وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر لڑیں تو ایسے نتائج سامنے آتے ہیں۔‘‘

طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ بھارت اور اسرائیل کے بیانیے سے ملتا جلتا ہے۔ وہ شہیدوں کے لیے ایک ٹوئٹ نہیں کرتے، خوارج کے خلاف ڈرون حملوں کی مخالفت کرتے ہیں، یہ وضاحت ہونی چاہیے کہ ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ کون چلاتا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی محنت سے پاکستان کو بڑی سفارتی کامیابیاں ملی ہیں۔ ’’چین، عرب ممالک، یورپ اور امریکا سے تعلقات بحال ہوئے، سعودی عرب کے ساتھ شاندار دفاعی معاہدہ ہوا، مگر ان کامیابیوں کے ثمرات عوام تک تب ہی پہنچ سکتے ہیں جب صوبائی حکومتیں وفاق کا ساتھ دیں۔‘‘

پاک بھارت ایشیا کپ فائنل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کھیل میں ہار جیت کو کھیل تک رہنے دینا چاہیے، ’’بھارت کے خلاف جیت کا مزہ ہی کچھ اور ہے، شائقین بلاوجہ تنقید نہ کریں بلکہ ٹیم کو سپورٹ کریں، امید ہے کل کا میچ ویسے ہی جیتیں گے جیسے ہم بھارت سے جنگ جیتے تھے۔‘‘

ٹرمپ کا بڑا فیصلہ، ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز فروخت کرنے کا حکم

امارتی وزیر کی اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات،غزہ میں جنگ بندی پر زور

Shares: