پشاور میں 2022 کے سانحہ کوچہ رسالدار کے مرکزی سہولت کار اور داعش خراسان کے کمانڈر محمد احسانی عرف انوار کے افغانستان میں ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق محمد احسانی افغانستان کے صوبہ بلخ کے شہر مزار شریف میں ایک کارروائی کے دوران مارا گیا۔ احسانی کو 2022 میں پشاور کے کوچہ رسالدار میں ہونے والے خوفناک دھماکے کا سہولت کار قرار دیا جاتا ہے۔ اس ہولناک سانحے میں 67 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا کمانڈر احسانی تاجک خودکش بمباروں کو پاکستان لانے اور ان کی تربیت فراہم کرنے کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھا۔ اس کے نیٹ ورک کو سرحد پار دہشت گردی کے واقعات میں ملوث قرار دیا جاتا رہا ہے۔
خیال رہے کہ پشاور کا کوچہ رسالدار دھماکہ حالیہ برسوں میں ملک میں ہونے والے بدترین دہشت گرد حملوں میں شمار ہوتا ہے، جس کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔کمانڈر احسانی کی ہلاکت کو سکیورٹی ماہرین دہشت گرد نیٹ ورک کے لیے بڑا دھچکا قرار دے رہے ہیں۔








