امریکا میں خالصتان تحریک کے رہنما گُرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش میں گرفتار بھارتی شہری نکھل گپتا نے امریکی حکام کے سامنے نئے راز کھول دیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے جمع کرائی گئی نئی دستاویزات میں بتایا گیا ہےکہ نکھل گپتا بھارتی انٹیلی جنس افسر وکاش یادو کے احکامات پر عمل کر رہا تھا۔رپورٹ کے مطابق گرفتار بھارتی شہری نکھل گپتا نے امریکی حکام کو بتایا کہ وہ اور بھارتی انٹیلی جنس افسر وکاش یادو نیپال یا پاکستان میں ایک اور سکھ رہنما کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔امریکی استغاثہ نے دونوں کو کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے بھی جوڑا ہے،استغاثہ کا کہنا ہےکہ وسیع تر سازش کے شواہد نکھل گپتا اور وکاش یادو کے درمیان سیکڑوں واٹس ایپ پیغامات اور ای میلز کے تجزیے سے سامنے آئے۔

نکھل گپتا اور وکاش یادو کی گفتگو عدالت میں پیش کی جائے گی۔ نکھل گپتا کا مقدمہ 3 نومبر کو نیویارک میں شروع ہوگا۔نکھل گپتا کو جون 2023 میں چیک ریپبلک سے گرفتار کرکے امریکا منتقل کیا گیا تھا۔

Shares: