کراچی کے علاقے ملیر میں زیر تعمیر شاپنگ سینٹر کے مالک کو بھتہ مافیا کی سنگین دھمکیاں موصول ہوئیں۔ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کے بعد 5 کروڑ روپے بھتہ طلب کرتے ہوئے ایک ہفتے کی مہلت دی اور رقم نہ دینے کی صورت میں دوبارہ مسلح کارروائی کرنے کی وارننگ دی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ ملیر سٹی تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں چند روز قبل ملیر 15 پل کے قریب زیر تعمیر جیلانی شاپنگ سینٹر پر دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔ اچانک ہونے والی فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ راہگیر اور قریبی دکاندار اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے رہے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق فائرنگ کے کچھ دیر بعد شاپنگ سینٹر کے مالکان کو ایک انٹرنیشنل نمبر سے کال موصول ہوئی۔ ملزمان نے فون پر 5 کروڑ روپے بھتہ ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر مقررہ وقت پر رقم فراہم نہ کی گئی تو پلازہ کو دوبارہ نشانہ بنایا جائے گا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ بھتہ خوری اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کرلیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی نشاندہی کی کوشش جاری ہے۔

Shares: