ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جواد اکبر)ڈیرہ غازی خان میں بارڈر ملٹری پولیس کی بروقت کارروائی، لادی گینگ کا ایک ڈکیت مقابلے کے بعد اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت مجاہد ولد یوسف گوراغ سکنہ یارو کھوسہ کے نام سے ہوئی ہے، جس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ کشوبہ کے ایس ایچ او یونس خان کھوسہ اور ان کی ٹیم پر فائرنگ کی تھی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس امیر تیمور کے حکم پر لائن آفیسر ساجد خان لغاری بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچے اور ڈاکوؤں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک ملزم گرفتار کر لیا گیا جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق بارڈر ملٹری پولیس مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

عوامی حلقوں نے ایس ایچ او یونس خان کھوسہ اور لائن آفیسر ساجد خان لغاری کی جرات اور بہادری پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ کمانڈنٹ امیر تیمور کی قیادت میں یہ دوسری بڑی کارروائی ہے جس میں لادی گینگ کے خلاف براہِ راست آپریشن کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بی ایم پی کی اس کامیاب کارروائی نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ کوہ سلیمان کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ پولیس تھانہ کوٹ مبارک کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کے بعد ملزمان پہاڑی علاقوں کی جانب فرار ہو رہے تھے، اطلاع ملنے پر ایس ایچ او یونس کھوسہ اپنی ٹیم کے ساتھ تعاقب میں گئے جہاں ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ بی ایم پی کی سرکاری گاڑی پر فائر لگا تاہم پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ بعدازاں کمانڈنٹ بی ایم پی نے اضافی نفری موقع پر طلب کی اور کارروائی کرتے ہوئے ایک خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

Shares: