گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے انسداد سموگ آگاہی واک کا انعقاد کیا جس کی قیادت کمشنر سید نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کی۔

واک میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات سلمان اسلم، انسپکٹر غلام مرتضیٰ بھٹی، مختلف سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، ریسکیو 1122، محکمہ زراعت، پیرا فورس اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے فضائی آلودگی کے تدارک اور شجر کاری کے فروغ سے متعلق نعرے درج پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ سموگ ایک سنگین چیلنج ہے جو انسانی صحت اور معیشت دونوں کو متاثر کر رہا ہے، عوام دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فصلوں کی باقیات جلانے سے اجتناب کریں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ انسداد سموگ مہم کے ذریعے شعور اجاگر کرنا وقت کی ضرورت ہے اور عملی اقدامات جاری ہیں۔

واک کے اختتام پر شہریوں میں ماسک تقسیم کیے گئے جبکہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے سبزہ زار میں ماحول دوست پودے بھی لگائے۔

Shares: