میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اگر وہ پنجاب کے معاملے میں کچھ بولیں گے تو وزیراعلیٰ مریم نواز ناراض ہوجائیں گی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزمیں 2 ماہ میں فری لیبارٹری شروع کریں گے، اسپتال میں 2 ماہ میں ٹیسٹ مفت ہوں گے، کراچی کے لیے 20 ارب روپے کا لالی پاپ ناکافی ہے، وزیراعظم کراچی کے لیے 200 ارب روپے بھی خرچ کریں تو وہ بھی ناکافی ہیں، کراچی کے لیے آپ کمپنی بنادیتے ہیں اس پر اعتراض ہے، میں چاہتا ہوں کہ میرے شہر کو حقوق ملیں،پنجاب کے معاملے میں کچھ کہوں گا تو مریم بی بی ناراض ہوجائیں گی، مریم بی بی نے پانی کے مسئلے پر بات کی،کینال پر بات کی، پنجاب کے عوام اس وقت تکلیف میں ہیں، ہمارافرض ہے ان کی تکالیف دور کریں۔

مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو الیکٹرک بس نہیں حالات میں بہتری چاہیے، پنجاب میں موٹروے بن گئی مگرکراچی میں موٹر وے نہیں بن پائی، بندرگاہ والا شہر کراچی آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے، 15 سال کا پی ایس ڈی پی ریکارڈ نکال لیں، سب واضح ہو جائے گا۔

Shares: