گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے طلبہ و طالبات پر زور دیا ہے کہ وہ وطن کی خدمت کے جذبے کے تحت تعلیم حاصل کریں تاکہ ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ اور طلبہ کو سہولیات فراہم کرنے میں ذاتی دلچسپی رکھتی ہیں، جن میں وظائف، لیپ ٹاپس اور پوزیشن ہولڈرز کی حوصلہ افزائی شامل ہے۔
یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ بورڈ آفس میں ان طلبہ و طالبات سے ملاقات کے دوران کہی جو میٹرک و انٹرمیڈیٹ امتحانات 2025 میں نمایاں پوزیشن حاصل کر کے 2 اکتوبر کو لاہور میں ہونے والی مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ اس تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز انہیں نقد انعامات سے نوازیں گی۔
تقریب میں شرکت کے لیے گوجرانوالہ بورڈ کے 52 طلبہ و طالبات منتخب ہوئے ہیں، جن میں 19 میٹرک اور 33 انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرز شامل ہیں۔ ہر طالب علم کے ساتھ ان کے والدین میں سے ایک اور ایک ٹیچر کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اس موقع پر طلبہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ممبران صوبائی اسمبلی قیصر اقبال سندھو، محمد نواز چوہان، کنٹرولر امتحانات اور سیکرٹری بورڈ بھی موجود تھے۔