گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر و چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے میٹرک امتحانات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب میں پہلی بار بائیو میٹرک سسٹم متعارف کروا دیا ہے۔

اس جدید نظام کے تحت امتحانی امیدواروں کی حاضری اور شناخت بائیو میٹرک ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی، جس سے نقالی، جعلی امیدواروں کی شرکت اور دیگر بے ضابطگیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ امتحانی نظام میں جدت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ طلبہ کی محنت کا منصفانہ صلہ دیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے گوجرانوالہ بورڈ صوبے بھر میں ایک مثالی مقام حاصل کرے گا۔ کنٹرولر امتحانات اور سیکرٹری بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ماہرین تعلیم اور والدین نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تعلیمی نظام پر عوامی اعتماد کو بڑھائے گا اور طلبہ کو قابلیت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

Shares: