اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے خلاف سنگجانی جلسہ کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب خان، شیخ وقاص اکرم اور زرتاج گل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ تینوں رہنما متعدد بار طلب کیے جانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔سماعت کے دوران عمر ایوب کی جانب سے دائر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی عدالت نے مسترد کر دی۔ جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ "تینوں ملزمان ایک بار بھی عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے، لہٰذا اب انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔”
عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم اور زرتاج گل کو 20 اکتوبر تک گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق یہ کیس سنگجانی میں پی ٹی آئی کے زیرِ اہتمام منعقدہ جلسے سے متعلق ہے، جس میں مبینہ طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اجازت کے بغیر عوامی اجتماع کیا گیا تھا۔ عدالت نے متعدد مواقع پر رہنماؤں کو طلبی کے نوٹس بھی جاری کیے تھے، تاہم ان کی عدم پیشی پر یہ فیصلہ سنایا گیا۔