اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر)محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام ٹیچرز ڈے کے موقع پر گورنمنٹ ایم سی بوائز سکول اوکاڑہ میں ٹیچرز ایکسیلنس ایوارڈز کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں، مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر، محکمہ ایجوکیشن کے افسران، سکول انتظامیہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب میں مقررین نے اساتذہ کے معاشرتی کردار، علم کی ترویج اور نوجوان نسل کی تربیت میں ان کی خدمات پر روشنی ڈالی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علیزہ ریحان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استاد انسان کی زندگی کا وہ چراغ ہے جو جہالت کی تاریکی کو علم کی روشنی سے منور کرتا ہے۔ استاد ہی وہ ہستی ہے جو ایک نادان بچے کو شعور، عقل، تمیز اور اخلاق کے زیور سے آراستہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومیں کبھی ترقی نہیں کر سکتیں جو اپنے اس محسن کا احترام نہیں کرتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب تعلیم کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے تاکہ طلبہ کو جدید علوم سے روشناس کروایا جا سکے۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں سرٹیفکیٹس اور ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔

Shares: