کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین پھر نشانے پر،40 ڈاؤن جعفر ایکسپریس کو سلطان کوٹ کےقریب حادثہ، دھماکے سے دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ٹرین صبح پر شکارپور سے جیکب آباد کے لئے روانہ ہوئی تھی

سندھ کے ضلع شکارپور کے علاقے سلطان کوٹ کے قریب سومرو واہ ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کے دو ڈبے پٹڑی سے اتر گئے، جس کے باعث چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق دھماکہ سومرو واہ کے قریب اُس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس موقع سے گزر رہی تھی۔ دھماکے سے ٹریک کا ایک حصہ تباہ ہوگیا جبکہ ٹرین کے دو ڈبے پٹڑی سے اترنے کے باعث متعدد مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی۔ تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا تاکہ جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا جا سکے۔

ڈی پی او شکارپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دھماکہ ایک دستی ساختہ بم کے ذریعے کیا گیا، تاہم حتمی رائے تفتیش مکمل ہونے کے بعد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ریلوے نظام کو نقصان پہنچانے اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش ہوسکتی ہے۔

Shares: