اترپردیش کے ضلع سیتاپور میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس کی بیوی رات کے وقت ’’ناگن‘‘ بن جاتی ہے اور اُسے کاٹنے کے لیے پیچھے دوڑتی ہے۔ اس انوکھے الزام نے نہ صرف مقامی انتظامیہ بلکہ سوشل میڈیا صارفین کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، میراج نامی شخص جو لودھسا گاؤں (تحصیل محمودآباد) کا رہائشی ہے، نے سمادھان دیوس (عوامی شکایات کے دن) کے موقع پر ضلع مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہو کر اپنی فریاد سنائی۔ اس موقع پر عام طور پر لوگ بجلی، سڑکوں یا راشن کارڈ سے متعلق مسائل پیش کرتے ہیں، مگر میراج نے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا صاحب، میری بیوی نسیمن رات کو ناگن بن جاتی ہے اور مجھے کاٹنے کے لیے دوڑتی ہے۔ میراج نے الزام لگایا کہ اُس کی بیوی کئی مرتبہ اُسے مارنے کی کوشش کر چکی ہے، لیکن وہ ہر بار جاگ کر اپنی جان بچا لیتا ہے۔ اُس نے کہا کہ اُس کی بیوی اُسے ذہنی اذیت دیتی ہے اور وہ کسی بھی رات اُس کی نیند میں جان لے سکتی ہے۔میراج کا کہنا ہے کہ اُس کی بیوی نے ایک مرتبہ اُسے کاٹا بھی ہے اور اکثر راتوں کو ’’ناگن‘‘ بن کر اُس کے پیچھے دوڑتی ہے۔ اس حوالے سے اُس نے ضلعی انتظامیہ کو ایک تحریری درخواست بھی جمع کرائی ہے۔

یہ خبر جیسے ہی منظرِ عام پر آئی، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ صارفین نے طرح طرح کے طنزیہ تبصرے کیے۔
ایک صارف نے لکھا: ’’کیا پتا اور کتنوں کو کاٹ چکی ہو!‘‘
دوسرے نے مذاق میں کہا: ’’کہیں تم نے اُس کی ناگمنی تو نہیں چھپا لی؟‘‘
ایک اور صارف نے مشورہ دیا: ’’تمہیں بھی کوبرا بن جانا چاہیے!‘‘
جبکہ کسی نے ہنستے ہوئے لکھا: ’’یہ شخص خوش نصیب ہے، اُسے اپنی زندگی میں سری دیوی مل گئی ہے۔‘‘ (یہ حوالہ 1986 کی مشہور فلم ناگِنا سے دیا گیا، جس میں سری دیوی نے ایک روپ بدلنے والی ناگن کا کردار نبھایا تھا۔)

ضلعی مجسٹریٹ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سب ڈویژنل مجسٹریٹ اور پولیس کو واقعے کی تفتیش کا حکم دے دیا ہے۔ پولیس نے واقعے کو ممکنہ طور پر ذہنی اذیت یا گھریلو تنازع کا پہلو سمجھتے ہوئے ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Shares: