کراچی ایئرپورٹ پولیس نے ایمانداری اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے برطانیہ سے آئے ایک پولیس افسر کی گمشدہ جیکٹ اور قیمتی سامان برآمد کر کے اسے بحفاظت واپس کر دیا۔

ایس ایچ او ایئرپورٹ کلیم موسیٰ کے مطابق برطانوی پولیس افسر ڈنکن وروی (Duncan Worvey) اپنی پاکستانی اہلیہ کے ہمراہ 5 اکتوبر کو قطر ایئر ویز کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچے تھے۔ وہ اپنی سالانہ تعطیلات کے دوران اہلیہ کے ہمراہ پاکستان آئے تھے۔امیگریشن اور کسٹم کلیئرنس کے بعد مسٹر وروی اپنی اہلیہ کے ساتھ ٹرمینل سے باہر نکلے اور پارکنگ ایریا میں پہنچ کر گاڑی میں سوار ہو کر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئے۔ تاہم کچھ دیر بعد انہیں احساس ہوا کہ وہ اپنی جیکٹ پارکنگ ایریا میں سامان کی ٹرالی پر بھول آئے ہیں۔جیکٹ میں ان کی گاڑی کی چابیاں، برطانوی کرنسی (پاؤنڈز)، یوکے پولیس سروس کا شناختی کارڈ، بینک کارڈز، اور دیگر اہم دستاویزات موجود تھیں۔ گمشدگی کا احساس ہونے پر انہوں نے فوری طور پر ایئرپورٹ پولیس سے رابطہ کیا۔

ایس ایچ او کلیم موسیٰ کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پارکنگ ایریا اور اطراف میں تلاش شروع کی۔ چند گھنٹوں کی محنت کے بعد پولیس کو وہ جیکٹ اور تمام اشیاء جوں کی توں حالت میں مل گئیں۔بعد ازاں پولیس نے سامان کو مکمل تصدیق کے بعد برطانوی افسر ڈنکن وروی کے حوالے کر دیا۔

برطانوی پولیس افسر نے ایئرپورٹ پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی، تیزی اور ایمانداری کی دِل سے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "کراچی پولیس نے اپنی دیانتداری سے میرا دل جیت لیا ہے، میں ان کا بے حد شکر گزار ہوں۔”

Shares: