غزہ کے محصور عوام کے لیے امداد لے جانے والے مشن گلوبل صمود فلوٹیلا میں شریک پاکستانی نوجوان سید محمد عزیز الدین کی منصورہ آمد ہوئی ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ کراچی اور لاہور میں ہونے والے غزہ ملین مارچ میں لاکھوں عوام نے حکمرانوں پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان صرف ایک ریاست فلسطین کو مانتا ہے،اسرائیل فلسطینی سرزمین پر ناجائز طور پر قابض ہے۔ تقریب سے امیر حلقہ لاہور ضیاالدین انصاری نے بھی خطاب کیا۔

قبل ازیں عزیز الدین کی وطن واپسی پر جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل امیرالعظیم اور جماعت اسلامی لاہور کے امیر نے انہیں خوش آمدید کہا۔ سید محمد عزیز الدین نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلوٹیلا میں 44 کشتیوں پر مشتمل قافلہ تھا، جن میں سے 43 کشتیوں کو اسرائیلی فورسز نے روک کر اپنے قبضے میں لے لیا، تاہم ان کی کشتی، جس میں برطانیہ، ترکیہ اور ملائیشیا کے 22 رضاکار سوار تھے، تیونس پہنچنے میں کامیاب رہی۔کشتی میں بچوں کے لیے خشک دودھ، ادویات اور پینے کا صاف پانی موجود تھا۔ اسرائیلی فورسز نے کئی دن تک ڈرونز کے ذریعے نگرانی کی اور واٹر کینن سے حملہ بھی کیا، تاہم وہ اپنی تیز رفتار موٹر بوٹ کے ذریعے گرفتاری سے بچ نکلے۔ گلوبل صمود فلوٹیلا اسپین سے روانہ ہوا تو اس میں دنیا کے مختلف ممالک کے 500 سے زائد کارکن، سیاست دان اور انسانی حقوق کے علمبردار شریک تھے، جن میں پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اور سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی شامل تھیں۔

علاوہ ازیں جماعت اسلامی لاہور نے حماس کے تاریخی طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دو سال مکمل ہونے پر اہلِ فلسطین اور اہلِ غزہ سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔ شہر بھر میں اضلاع اور یونین کونسلوں کی سطح پر اجتماعات، تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 67 ہزار سے زائد فلسطینی شہیدہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سرپرستی میں جاری اسرائیلی دہشت گردی اور ظلم کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی تمام تر وحشیانہ کارروائیوں، جدید جنگی سازوسامان اور بربریت کے باوجود حماس اور اہلِ غزہ نے بے مثال استقامت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس کی جدوجہد، مزاحمت، سیاسی حکمت اور سفارتی بصیرت کو سلام پیش کرتے ہیں۔اس موقع پرسیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حماس کی جدوجہد اور قربانیاں قبلۂ اول اور فلسطین کی آزادی کی تحریک کا حصہ ہیں۔حکومتِ پاکستان کو اسرائیل کے خلاف کھل کر عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔پاکستان کو فلسطین کی مکمل خودمختار ریاست کے اصولی مؤقف پر ڈٹ جانا چاہیے۔قائداعظم کے پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔جو بھی فرد یا ادارہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچے، اُسے عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔اس موقع پر اسکولوں میں بچوں نے فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا، جن میں تقاریر، تصویری خاکے، اور دعائیہ اجتماعات شامل تھے۔جماعت اسلامی لاہورنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اہلِ غزہ کے ساتھ ہر سطح پر یکجہتی جاری رکھی جائے گی، اور پاکستان کے عوام کو فلسطین کے حق میں بیدار رکھنے کی مہم مزید تیز کی جائے گی۔

Shares: