منڈی بہاؤالدین(باغی ٹی وی نامہ نگار: افنان طالب عرف چاندی) مقامی صحافی و بزنس مین محمد سعید شاکر کا برطانوی کونسل اسمبلی اور سرکاری دفاتر کا دورہ
تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر اور چیف ایگزیکٹو ورلڈ ویزا کنسلٹنٹ محمد سعید شاکر نے برطانیہ میں برٹش کونسلر قیصر عباس گوندل کی خصوصی دعوت پر تھرک کونسل اسمبلی اور مختلف سرکاری دفاتر کا دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر برٹش پاکستانی مئیرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین، سرپرستِ اعلیٰ ہوپ برطانیہ اور تھرک کونسل کے 49ویں ڈپٹی مئیر، کونسلر قیصر عباس گوندل نے ٹاؤن ہال آمد پر محمد سعید شاکر کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے انہیں کونسل اسمبلی، اجلاس ہال، میئر آفس اور مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کروایا اور برطانوی بلدیاتی نظام، عوامی خدمات اور کمیونٹی ورک کے عملی طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر محمد سعید شاکر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ:
“قیصر عباس گوندل منڈی بہاؤالدین اور پاکستان کا حقیقی فخر ہیں۔ وہ جس خلوص، دیانت اور جذبے سے مقامی و پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کر رہے ہیں، وہ قابلِ تعریف ہے۔ ایسے باصلاحیت پاکستانی ہی وطنِ عزیز کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہے ہیں۔“
برٹش کونسلر قیصر عباس گوندل نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:
“محمد سعید شاکر کی صحافتی اور کاروباری خدمات ہمیشہ نمایاں رہی ہیں۔ وہ نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور پاکستانی کمیونٹی کے وقار اور ترقی کے لیے ہمیشہ سرگرم رہے ہیں۔“
دورے کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کی کمیونٹی کے درمیان تعمیری تعلقات اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔