گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈا پور کے بطور وزیراعلیٰ استعفے پر شاعرانہ تبصرہ کیا ہے
نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ اب تک موصول نہیں ہوا، استعفیٰ دیکھ کر پتہ چلےگا کہ مستعفی ہونے کی کیا وجہ ہے، کوئی قانونی یا آئینی نقطہ مبہم ہوا تو استعفیٰ واپس بھی کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے اپنا استعفیٰ دستخط کرکے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بھجوایا تھا
گورنرکے پی فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر شاعرانہ تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا.
کیوں اداس پھرتے ہو سردیوں کی شاموں میں
اس طرح تو ہوتا ہےاس طرح کےکاموں میں
علاوہ ازیں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ علی امین گنڈاپور میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کررہے تھے،گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرعباد اللہ نے ملاقات کی جس دوران صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اورمشاورت کی گئی،اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نالائق اور کرپٹ تھے، وہ میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کررہے تھے، کبھی کہتے تھے ریاست کے ساتھ ہیں ، کبھی کہتے تھے دہشتگردوں کے ساتھ ہیں، نئے نامزد وزیر اعلیٰ بھی اتنے قابل نہیں لہٰذا صوبہ ان کا متحمل نہیں ہوسکتا.