تحریک لبیک کی جانب سے اسلام آباد کی طرف ممکنہ مارچ کے باعث شہر بھر میں سکیورٹی سخت کردی گئی۔
تحریک لبیک پاکستان نے فیض آباد سے امریکی سفارت خانے تک مارچ اب لاہور سے اسلام آباد مارچ میں بدل دیا،تحریک لبیک نے کل 10 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس کے باعث انتظامیہ نے فیض آباد پر کنٹینرز پہنچا دیے ہیں جب کہ شہر بھر میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے،مری روڈ فیض آباد کے ہوٹلز خالی کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی کے راستے تاحال کھلے رکھے گئے ہیں تاہم صورتحال کو دیکھتے ہوئے راستے بند کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے سی پی او خالد ہمدانی کی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال پرسینئر پولیس افسران کا اجلاس ہوا،سی پی او نےکہاکہ کسی سڑک کو بلاک کرنے یا ٹریفک میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، معمولات زندگی کو متاثر کرنے والی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی،احتجاج کی آڑ میں پرتشدد سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا جب کہ املاک یاقانون نافذ کرنے والے اداروں پرحملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
لاہور میں پولیس کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان کی قیادت کے خلاف ملتان روڈ پر آپریشن جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی سبزہ زار اور ناگرہ ٹاؤن کے علاقوں میں کی جا رہی ہے جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا، جبکہ ٹی ایل پی کارکنان نے بھی سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ ملتان روڈ سمیت یتیم خانہ چوک، اسکیم موڑ اور گرد و نواح کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے۔ متعدد مقامات پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو منتشر کرنے اور امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے کارروائی جاری ہے، تاہم شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ملتان روڈ اور متصل علاقوں سے گریز کریں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تحریک لبیک کی ممکنہ احتجاجی سرگرمیوں کے پیش نظر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے فیض آباد انٹرچینج اور ریڈ زون کے داخلی راستوں پر کنٹینرز لگا دیے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔انتظامیہ کے مطابق فی الحال ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے، تاہم کسی بھی وقت سخت پابندیاں یا راستوں کی بندش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور فیض آباد یا ریڈ زون کے اطراف جانے سے پرہیز کریں۔
سکیورٹی حکام نے عملے اور شہریوں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں ،لاہور: ملتان روڈ، یتیم خانہ چوک، اسکیم موڑ اور احتجاجی علاقوں سے دور رہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ممکنہ بندشوں کے لیے تیار رہیں۔راولپنڈی/اسلام آباد، فیض آباد اور ریڈ زون کے اطراف سے گریز کریں، کسی بھی اچانک ٹریفک پابندی کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔غیر ضروری نقل و حرکت محدود رکھیں، سفر کے لیے اضافی وقت رکھیں، اور کسی بھی واقعے کی اطلاع فوراً سکیورٹی ٹیم یا مقامی حکام کو دیں۔پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے صورتحال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور کہا ہے کہ امن و امان کی بحالی اولین ترجیح ہے۔