پاکستان اور آئی ایم ایف ،مذاکرات کے اختتام پر فریقین کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ نہ ہو سکا

آئی ایم ایف کا پاکستان کے ساتھ جاری مذاکرات بارے اعلامیہ جاری کر دیا گیا،آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کی شرائط پر عملدرآمد کو مضبوط قرار دیدیا،آئی ایم ایف نے کہا کہ اسٹاف لیول معاہدہ طے کرنے کے لیے مزید پالیسی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا،آئی ایم ایف مشن نے پاکستانی معیشت میں استحکام کی کوششوں کو سراہا،آئی ایم ایف نے مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور سیلاب متاثرین کی مدد پر زور دیا،مہنگائی کو مقررہ ہدف کے دائرے میں رکھنے کے لیے سخت مالیاتی پالیسی برقرار رکھنے کی سفارش کی،توانائی شعبے کی بحالی کے لیے ریگولر ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور اصلاحات پر اتفاق کیا گیا،سرکاری اداروں کے حجم میں کمی اور شفافیت میں بہتری پر گفتگو ہوئی،

اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان کے ساتھ موجودہ 37 ماہ کے قرض پروگرام اور 28 ماہ کے کلائمیٹ رزیلینس پروگرام پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،آئی ایم ایف نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ریفارمز کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، جبکہ مشن سربراہ ایوا پیٹرووا نے کہا کہ پاکستان نے کئی شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے،آئی ایم ایف مشن نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ پاکستان کی معیشت میں استحکام کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

Shares: