ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر بھٹی)مدنی نوری جامع مسجد بلاک 18 میں ایک روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے ساتھ ساتھ 14 طلباء کی دستارِ بندی کی گئی جنہوں نے قرآنِ پاک حفظ کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ تقریب زیر صدارت پیر بابا نسیم اللہ جان سیفی سرپرستِ اعلیٰ اتحادِ اہلِ سنت منعقد ہوئی۔ اس موقع پر حضرت علامہ مولانا صوفی محمد عبدالروف سعیدی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت سے پوری کائنات منور ہوئی، آپ ﷺ کی آمد سے انسانیت کو ایمان، اسلام اور قرآن کا تحفہ ملا۔ انہوں نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ تم میں سے بہترین وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے، یہی وجہ ہے کہ جو طلبہ دینِ حق کی طلب میں نکلتے ہیں، ان کے قدموں کے نیچے فرشتے اپنے پر بچھاتے ہیں۔
تقریب میں صدر میلاد مصطفیٰ کمیٹی سردار محمد اسلم خان چانڈیہ، صاحبزادہ عاصم نسیم سیفی، حضرت علامہ خبیب احمد نقشبندی، قاری حضور بخش کریمی، قاری ارشاد حسین چشتی، قاری فیاض احمد ساجد، قاری سراج چشتی سمیت دیگر علمائے کرام، وکلاء، ڈاکٹرز، صحافیوں اور عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام قاری محمد خالد حسین سلطانی اور حاجی محمد اشرف نے کیا۔ آخر میں ملک و ملت کی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی جبکہ محفل درود و سلام کی گونج میں اختتام پذیر ہوئی۔