وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے دہشتگردوں کو واپس لاکر بسایا اور آج بھی یہ سہولت کاری جاری ہے، علی امین گنڈاپور کو دہشت گردوں کی مکمل سہولت کاری نہ کرنے پر ہٹایا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ یہ اب ایسے شخص کو وزیر اعلیٰ بنا رہے ہیں جو دہشتگردوں کے لیے نرم گوشہ رکھتا ہے، ایسے شخص کو وزیر اعلیٰ بنائیں گے تو قوم کی قربانیاں کہاں جائیں گی،پی ٹی آئی کا انتشاری ٹولہ دہشتگردوں کا سہولت کار ہے، شاید علی امین دہشتگردوں کی سہولت کاری کا اس حد تک مشن پورا نہیں کر سکے جس کی بانی پی ٹی آئی کو توقع تھی، سہیل آفریدی کو دہشتگردوں کی سہولت کاری کے لیے لایا جا رہا ہے، سہیل آفریدی پر مقدمات ہیں، وہ مجرمانہ ذہنیت رکھنے والے ہیں،پاکستان کی سیکیورٹی پالیسی کابل میں نہیں بنے گی، پاکستان کی سیکیورٹی پالیسی اسلام آباد میں بنتی ہے اور یہیں بنے گی، فورسز کے جوان دہشتگردوں اور عوام کے درمیان سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں، دہشتگرد کبھی غلبہ حاصل نہیں کرسکیں گے۔

عطا تارڑکا مزید کہنا تھا کہ آج لندن کی عدالت کے فیصلے نے انتشار پسندوں کے بیانیے کو بری طرح ناکام بنا دیا ہے، جو نہ صرف پاکستان کے وقار اور ساکھ میں اضافہ کا باعث بنا بلکہ اس نے یہ بھی ثابت کر دیا کہ جھوٹ، پروپیگنڈا اور منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے.

Shares: