سیالکوٹ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان میں 2025 کے تباہ کن سیلاب کے دوران متاثرہ علاقوں میں بے مثال خدمات انجام دینے والے افراد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب پاک ویلفیئر آرگنائزیشن نے شہید بھٹو فاؤنڈیشن اور پاکستان ہیومن ریسورس نیٹ ورک کے اشتراک سے شہید ذوالفقار علی بھٹو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد کی۔

تقریب میں مسٹر مدثر رتو (سی ای او سیالکوٹ انفارمیشن چینل اور ڈسٹرکٹ رپورٹرباغی ٹی وی) کو خیبر پختونخوا، سیالکوٹ، گجرات اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین (خاص طور پر علی پور کے علاقے سیت پور اور خیرپورسادات )کے لیے ان کی بے لوث خدمات پر خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ مدثر رتو نے نہ صرف متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو منظم کیا بلکہ میڈیا کے ذریعے عوامی شعور بیدار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

تقریب کے انتظام و اہتمام میں محترمہ مغیزہ امتیاز نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے مدثر رتو کو سیالکوٹ سے اسلام آباد مدعو کیا اور پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر سطح پر معاونت فراہم کی۔ ان کی انتظامی صلاحیتوں اور سماجی وابستگی کو بھی تقریب میں سراہا گیا۔

مدثر رتو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش قدرتی آفات کے وقت ہر فرد کو انسانیت کی خدمت کو اپنا اولین فرض سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا:

"ہم سب کو مل کر مضبوط پاکستان کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے اور جب بھی اس قوم پر آفات آئیں تو سب مل کر انسانوں کی خدمت کو اپنا اولین فرض سمجھیں۔”

ان کا خطاب حاضرین کے لیے جذبۂ خدمت، قومی یکجہتی اور عوامی فلاح کا پیغام تھا، جسے شرکاء نے بھرپور پذیرائی دی۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور میڈیا شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیلاب متاثرین کی خدمات پر مبنی ویڈیو پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی، جس میں مدثر رتو کی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا۔ اختتام پر اعزازی شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

یہ تقریب نہ صرف ایک فرد کی خدمات کا اعتراف تھی بلکہ پورے معاشرے کو یہ پیغام دینے کا ذریعہ بھی بنی کہ جب قوم پر مشکل وقت آئے، تو ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مدثر رتو کی خدمات اس بات کا ثبوت ہیں کہ میڈیا صرف خبر رسانی کا ذریعہ نہیں بلکہ خدمتِ خلق کا ایک مؤثر ہتھیار بھی بن سکتا ہے۔

Shares: