بھارت کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور اسلامی امارتِ افغانستان کے وزیرِ خارجہ مولوی امیر خان متقی کے درمیان نئی دہلی میں ملاقات ہوئی۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز اس وقت ہوا جب بھارت نے افغانستان میں اپنی سفارتی نمائندگی کو سفارت خانے کے درجے تک بڑھانے کا باضابطہ اعلان کیا۔مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران بھارتی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا کہ "بھارت، افغانستان کی خودمختاری، ارضی سالمیت اور آزادی کا مکمل احترام کرتا ہے بھارت، افغانستان کے عوام کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے اور خصوصاً صحت کے شعبے میں تعاون کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گا۔
مولوی امیر خان متقی نے اس موقع پر بھارت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ کابل میں بھارتی سفارت خانے کی بحالی دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔
ڈاکٹر جے شنکر نے پریس کانفرنس کے دوران افغانستان کی کرکٹ ٹیم کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ
افغانستان کی کرکٹ میں ابھرنے والے غیر معمولی ٹیلنٹ واقعی قابلِ تعریف ہیں، اور بھارت اس کھیل کی ترقی میں مزید تعاون بڑھانے پر مسرور ہے۔
ذرائع کے مطابق، ملاقات میں باہمی تجارت، علاقائی سلامتی، انسانی امداد اور تعلیمی تعاون پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔