ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی ،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا جس میں برگیڈئیر فرقان شبیر اور ضلعی اداروں کے تمام سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایرانی پیٹرول فروخت کرنے والے پٹرول پمپس اور سمگل شدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور گیس کی ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کرنے اور اسٹیٹ لینڈ کو واگزار کروانے کے اقدامات کو ترجیح دی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 179 مدارس کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے پر زور دیا گیا اور شجرکاری مہم کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ محلہ سطح پر امن و امان اور خاص طور پر چائنیز باشندوں کی سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات یقینی بنانے، بھکاریوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے اور انہیں حوالات میں بند کرنے کی ہدایات بھی اجلاس میں دی گئیں۔
ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور ہیلمٹ کے استعمال کو لازم قرار دینے کے ساتھ ساتھ صحت، تعلیم اور انصاف کی سہولیات کو عام آدمی تک پہنچانے پر بھی زور دیا گیا۔
آخر میں بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات کے دوران سکیورٹی اور انتظامات کو موثر طور پر یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔