قصور شہرِ قصور میں غیر قانونی اور بے ہنگم سائن بورڈز کی بھرمار شہریوں کے لیے خطرے کی علامت بن چکی ہے۔ ٹی ایم اے قصور کی ملی بھگت سے مختلف کمپنیوں اور اداروں کے سائن بورڈز بغیر کسی منظوری کے شہر کی اہم شاہراہوں، چوکوں اور عمارتوں پر نصب ہیں جن میں سے کئی خستہ حال ہو چکے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بارشوں اور تیز ہوا کے دوران یہ سائن بورڈز گرنے کا خطرہ رہتا ہے، جو کسی بھی وقت جانی و مالی نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔ اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور محکمہ بلدیات کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہائی کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود بااثر عناصر نے جگہ جگہ سائن بورڈ لگا رکھے ہیں جبکہ بعض سرکاری عمارتوں کے سامنے بھی غیر قانونی بورڈز لٹک رہے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی سے فوری نوٹس لینے اور ان سائن بورڈز کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔