ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر، ریسکیو 1122، محکمہ انہار اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں دریائی کٹاؤ سے موضع وڑائچ کو محفوظ بنانے کے لیے فوری طور پر بند باندھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ محکمہ انہار سمیت متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی بند کی تعمیر کا آغاز کریں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق موضع وڑائچ اور ٹھٹھ مادن کے علاقوں میں دریائی حدود کے قریب پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ دریائی کٹاؤ کے باعث دو آبادیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے، جبکہ ممکنہ متاثرہ پانچ بستیوں کے مکینوں کے انخلا کی تیاری جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب اور پی ڈی ایم اے کو بند کی تعمیر پر آنے والی لاگت سے آگاہ کر دیا گیا ہے، اور جلد از جلد بند باندھنے کا کام شروع کر دیا جائے گا تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔

Shares: