فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے شعبہ کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے ساحلی راستے سے ہونے والی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایرانی اسمگل شدہ ہائی اسپیڈ ڈیزل سے بھری تین لانچیں پکڑ لیں۔ حکام کے مطابق ان لانچوں سے 132,564 لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق میرین انفورسمنٹ یونٹ نے یہ کارروائی انسدادِ اسمگلنگ مہم کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی۔ اطلاع ملی تھی کہ کچھ لانچیں ساحلی راستے سے اسمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات کراچی منتقل کر رہی ہیں، جس پر ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کا فیصلہ کیا۔کسٹمز حکام نے بتایا کہ میرین انفورسمنٹ ٹیم نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخصوص لانچوں کا سراغ لگایا اور انہیں روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ کارروائی کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، جب کہ لانچوں کو بحفاظت کراچی پورٹ منتقل کر کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (ASO) کے دفتر پہنچا دیا گیا۔
ایف بی آر حکام نے کہا کہ ضبط شدہ ڈیزل اور لانچوں کی تفصیلات قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ کی انسدادِ اسمگلنگ مہم پورے زور و شور سے جاری ہے اور ساحلی علاقوں میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ ایندھن، پٹرولیم مصنوعات، اور دیگر اشیائے صرف کی غیر قانونی ترسیل کو روکا جا سکے۔ذرائع کے مطابق یہ کارروائی حالیہ ہفتوں میں ہونے والی سب سے بڑی کامیابیوں میں شمار کی جا رہی ہے، جو نہ صرف ملکی معیشت کے تحفظ بلکہ غیر قانونی تجارت کے خلاف ریاستی عزم کی علامت ہے۔