ریاستِ قطر نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جھڑپوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدی تناؤ کے باعث خطے کے امن، سلامتی اور استحکام پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر دونوں برادر اسلامی ممالک اسلامی جمہوریہ پاکستان اور افغانستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تحمل، بردباری اور ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کریں، اور تنازعات کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کو ترجیح دیں تاکہ حالات مزید نہ بگڑیں اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔وزارتِ خارجہ نے اپنے اعلامیے میں مزید کہا کہ قطر علاقائی و بین الاقوامی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے جو دنیا میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے کی جا رہی ہیں۔بیان کے مطابق، قطر خطے میں پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہے اور پاکستانی و افغانی عوام کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔