اوچ شریف(باغی ٹی وی نامہ نگار: حبیب خان) کار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا
تفصیل کے مطابق اوچ شریف روڈ پر گرڈ اسٹیشن کے قریب ایک کار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم ریسکیو 1122 کی فوری کارروائی نے بڑی تباہی سے بچا لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک کلٹس کار نمبر ANB-271 جو روہی چولستان سے اوچ شریف کی جانب جا رہی تھی، جیسے ہی گرڈ اسٹیشن کے قریب پہنچی تو اچانک گاڑی میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور پندرہ منٹ کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گاڑی میں ایک ہی شخص سوار تھا جو آگ لگنے سے قبل ہی باہر نکل آیا، اس طرح وہ کسی جانی نقصان سے محفوظ رہا۔

عینی شاہدین کے مطابق اگر ریسکیو ٹیم بروقت نہ پہنچتی تو قریبی بجلی کے گرڈ اسٹیشن اور سڑک پر گزرنے والی دیگر گاڑیاں بھی متاثر ہوسکتی تھیں۔ تاہم ریسکیو اہلکاروں کی تیز رفتار کارروائی کے باعث ایک ممکنہ بڑا سانحہ ٹل گیا، البتہ گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

Shares: