گوجرانوالہ(باغی ٹی وی نامہ نگار: محمد رمضان نوشاہی) غریب محنت کش کی بیوی چار ماہ سے لاپتہ، پولیس کے عدم تعاون پر شہری سراپا احتجاج
تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کی حدود میں واقع چک اگو کا رہائشی غریب محنت کش محمد نعیم گزشتہ چار ماہ سے اپنی گمشدہ بیوی کی تلاش میں دربدر پھر رہا ہے۔ بیوی کی گمشدگی کے بعد اُس نے رشتہ داروں، دوستوں اور پولیس سے مدد کی اپیل کی، مگر تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
محمد نعیم کے مطابق اُس نے اپنی بیوی کی تلاش میں اپنی تمام جمع پونجی خرچ کر دی، مگر پولیس کے عدم تعاون نے اُسے سخت مایوس کر دیا ہے۔ اُس نے بتایا کہ وہ روزانہ انصاف کی امید میں تھانے کے چکر لگاتا ہے، لیکن ہر بار خالی ہاتھ لوٹ آتا ہے۔
متاثرہ شہری نے الزام لگایا کہ جب وہ پولیس کے پاس مدد کے لیے گیا تو بجائے سنجیدگی کے اُس کا مذاق اُڑایا گیا اور کوئی تعاون فراہم نہیں کیا گیا۔ پولیس کے اس رویے سے دل برداشتہ محنت کش اب سراپا احتجاج ہے اور انصاف کے لیے فریاد کر رہا ہے۔
محمد نعیم نے اپنے کمسن بیٹے حبیب کے ہمراہ وزیرِاعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ متعلقہ پولیس حکام کو فوری طور پر ہدایات جاری کی جائیں تاکہ اُس کی بیوی کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے اور اسے انصاف مل سکے۔








