ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی ،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں چار روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے اور فنگر مارکنگ بھی کی۔ ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے۔
انسدادِ پولیو مہم 13 تا 16 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی، جس کے دوران ضلع بھر میں دو لاکھ اٹھاسی ہزار آٹھ سو اٹھانوے (288,898) بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے دوران 1198 ٹیمیں گھر گھر جا کر، داخلی و خارجی راستوں اور بس اسٹینڈز پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ ہر بچے کو معذوری سے آزاد زندگی جینے کا حق حاصل ہے، اور حکومتِ پاکستان کے عزم، فرنٹ لائن ورکرز کی محنت اور عوام کے اعتماد سے ضلع ننکانہ کو پولیو فری رکھنا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔
مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کیپسول بھی دیے جائیں گے۔ ویکسین کی کولڈ چین برقرار رکھنے کے لیے مکمل حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر روحیل اختر، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر ذیشان شبیر، ایم ایس ڈاکٹر اطہر فرید سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔