وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ معرکہِ حق میں شکست کے بعد بھارت کی تمام تر کوششیں یہ ہیں کہ وہ اپنے سہولت کاروں کے ذریعے پاکستان میں اندرونی انتشار پیدا کرے۔ اس سازش میں فتنہ خوارج کا کردار بھی واضح اور خطرناک ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ غزہ میں مکمل جنگ بندی اور امن کے بعد جب فلسطینی خوشی سے سرشار ہیں اور لڑنے والی تنظیم حماس نے بھی امن معاہدہ کر لیا ہے، تو ایسے وقت میں پاکستان کی سڑکوں پر کسی مذہبی گروہ کی جانب سے جو دو سال سویا رہا اور اب جذباتی نعرے لگا کر سادہ لوح پیروکاروں کو اکسانا اور اسلام آباد مارچ جیسی کالز کے ذریعے انتشار پیدا کرنے کی غرض کیا ہو سکتی ہے؟ یہ بالآخر کس کی سہولتکاری ہے؟آج پاکستان کو امن، استحکام اور معاشی بحالی کی ضرورت ہے۔ اس لمحے پر جو بھی عناصر پاکستان کے امن اور استحکام کے ساتھ کھیلتے ہیں، وہ درحقیقت ملک دشمنوں کی سہولت کاری کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر نہ تو کسی ملک کے لیے قابلِ برداشت ہیں اور نہ ہی قومی مفاد میں قابلِ قبول ہیں۔