پاکستان کرکٹ کے ابتدائی دور کے نمایاں کھلاڑی ،سابق ٹیسٹ کرکٹر وزیر محمد 95 برس کی عمر میں برمنگھم، برطانیہ میں انتقال کر گئے۔

وزیر محمد کے بھتیجے شعیب محمد نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرحوم طویل عرصے سے برطانیہ میں مقیم تھے اور آج (پیر) صبح ان کا انتقال ہوا۔وزیر محمد پاکستان کرکٹ کے ابتدائی ہیروز میں شمار ہوتے تھے۔ وہ 1952 میں بھارت کے خلاف پاکستان کے پہلے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ تھے،اپنے کیرئیر کے دوران وزیر محمد نے 1952 سے 1959 کے درمیان 20 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 2 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے مجموعی طور پر 801 رنز بنائے۔

وزیر محمد کے بھائی حنیف محمد اور مشتاق محمد بھی پاکستان کے نامور ٹیسٹ کرکٹر رہے،پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت ملک بھر کے کرکٹ حلقوں نے وزیر محمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Shares: