مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ بین الاقوامی امن کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت متعدد عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں غزہ میں جنگ بندی کے بعد کی صورتحال، علاقائی استحکام اور انسانی امداد جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ صدر ٹرمپ نے وزیراعظم سے طویل گفتگو کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے دیگر رہنماؤں سے 20 سے 25 سیکنڈ تک بات کی جبکہ شہباز شریف سے 51 سیکنڈز تک گفتگو جاری رہی۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علییف، آرمینیا کے وزیراعظم نیکول پاشینیان، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم، بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو، جرمن چانسلر فریڈرش مرز، اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز اور اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی سے بھی ملاقات ہوئی۔ ان ملاقاتوں میں خطے میں امن و استحکام کے لیے اقدامات، فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور ان کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے بھی خصوصی ملاقات کی، جس میں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ بھی شریک تھے۔

فلسطینی صدر کا عوام کی سیاسی و سفارتی حمایت پر پاکستان کا شکریہ

صدر محمود عباس نے فلسطینی عوام کی سیاسی و سفارتی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور فلسطین کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اہل غزہ کی ہمت و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف شرم الشیخ پہنچنے پر مصر کے وزیر ڈاکٹر اشرف صبحی نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

پاکستان بیت المال میں بیوروکریسی کی نااہلی، سویٹ ہوم اور شیلٹر ہوم ملازمین تنخواہوں میں اضافے سے محروم

Shares: