پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیرف معاہدے پر ہونے والے کامیاب مذاکرات پر وزیر خزانہ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں اُن کی امریکی محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوئی ہے۔اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں پر وزیر خزانہ نے بریفنگ دی اور امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے رہنماؤں اور ارکان سے وزیر خزانہ کی ملاقات ہوئی جس میں معیشت کے استحکام اور نجی شعبے کے قائدانہ کردار پر زور دیا گیا۔
اعلامیے میں امریکی حکام سے تجارتی معاہدے کو پاکستان کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا گیا ہے جبکہ ریکوڈک منصوبے کے مالیاتی معاملات جلد طے کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر ریکارڈو پولیتی سے بھی وزیر خزانہ کی ملاقات ہوئی ہے جس میں اسلام آباد میں آئی ایف سی کے علاقائی دفتر کے قیام کا خیرمقدم کیا گیا۔