وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے مذہبی تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے خلاف منی لانڈرنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں پر کارروائیاں تیز کر دیں

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور نے ٹی ایل پی کے خلاف منی لانڈرنگ، غیر قانونی مالی سرگرمیوں اور ریاست مخالف پرتشدد مظاہروں میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی اور مالی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، تحقیقات کے دوران تنظیم کے متعدد اہم عہدیداروں اور کارکنان کے بینک اکاؤنٹس اور جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں، جن کی بنیاد پر مالی سرگرمیوں کا مکمل آڈٹ کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق، ایف آئی اے نے اب تک کئی ایسے بینک اکاؤنٹس منجمد (فریز) کر دیے ہیں جو مبینہ طور پر پرتشدد مظاہروں اور احتجاجی کارروائیوں کی مالی معاونت کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے۔ ادارے نے یہ قدم شواہد کی بنیاد پر اٹھایا ہے تاکہ ریاست مخالف سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کو روکا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق، مالی معاونت فراہم کرنے والے متعدد اہم افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کا عمل جاری ہے، تاکہ وہ بیرونِ ملک فرار یا رقوم کی منتقلی نہ کرسکیں۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، اور کسی کو بھی ریاست مخالف سرگرمیوں کے لیے فنڈز کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ترجمان نے مزید کہا کہ شواہد کی بنیاد پر تحقیقات مزید آگے بڑھائی جا رہی ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید قانونی کارروائیاں متوقع ہیں۔ایف آئی اے نے واضح کیا کہ ادارہ ملکی سلامتی، قانون کی حکمرانی اور مالی شفافیت کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب قانونی ذرائع استعمال کر رہا ہے۔

قبل ازیں پنجاب پولیس نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کے گھر پر کیے گئے چھاپے کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جس میں بھاری مقدار میں نقدی، سونا اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چھاپہ قانون کے مطابق مجاز حکام کی نگرانی میں مارا گیا، جس دوران پولیس ٹیم کو سعد رضوی کی رہائش گاہ سے گیارہ کروڑ چوالیس لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔ حکام نے بتایا کہ یہ تمام رقم مختلف الماریوں، لاکرز اور گھر کے خفیہ خانوں سے ملی۔پولیس کے مطابق برآمد شدہ رقم کے ساتھ ساتھ چھ کروڑ چونتیس لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سونا بھی قبضے میں لیا گیا، جس میں زیورات، سونے کی اینٹیں اور سکے شامل ہیں۔مزید بتایا گیا کہ گھر سے بھارتی کرنسی میں پچاس ہزار روپے بھی ملے، جب کہ برطانیہ، کینیڈا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت مختلف ممالک کی کرنسیاں بھی برآمد ہوئیں۔ برآمد شدہ غیر ملکی کرنسی کی مجموعی مالیت پچیس لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

پنجاب پولیس کے مطابق برآمدگی کا مکمل ریکارڈ تحویل میں لے کر تحقیقات کے لیے متعلقہ محکموں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کارروائی کے بعد سعد رضوی اور ان کے قریبی ساتھیوں کے مالی ذرائع اور غیر ملکی روابط کی چھان بین بھی شروع کر دی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ چھاپہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر مارا گیا، اور برآمد شدہ رقم و زیورات کے حوالے سے قانونی کارروائی جاری ہے۔

Shares: